کراچی (نیوز ڈیسک) ہماری پلکیں بھی موسیقی کی تال پر چلتی ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف، انسانی پلکیں بیٹ کیساتھ ہم آہنگ ہو جاتی ہیں، توجہ ضروری، بصری مشغولیت میں یہ ہم آہنگی ختم ہو جاتی ہے۔ ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ موسیقی سنتے وقت انسان کی پلکیں بھی خود بخود موسیقی کی بیٹ کے مطابق جھپکتی ہیں، حتیٰ کہ افراد خود اس ہم آہنگی سے بے خبر ہوتے ہیں۔ چینی اکیڈمی آف سائنسز اور ہانگ کانگ یونیورسٹی کے ڈاکٹر تنگ ژیانگبن کی قیادت میں کیے گئے مطالعے میں 123نوجوانوں پر بیچ کورلز سنتے وقت پلکوں کی ہم آہنگی کا مشاہدہ کیا گیا، EEG ریکارڈنگ سے بھی دماغی سرگرمی اور پلکوں کی ہم آہنگی کی تصدیق ہوئی۔ محض دھن کی موجودگی بھی اس ردعمل کو متحرک کرنے کے لیے کافی تھی، جبکہ بصری توجہ کی مشغولیت میں یہ اثر ختم ہو گیا۔ مضبوط تال کے ساتھ ہم آہنگ افراد موسیقی میں چھوٹے پچ فرق کو بہتر شناخت کر سکے، اور MRI اسکینز نے آڈیٹری اور فرنٹوپیریٹل خطوں کو جوڑنے والی دماغی ساخت کی ہم آہنگی کی طاقت سے وابستگی ظاہر کی۔