• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کی ڈھال بنی رہی، بلاول بھٹو زرداری

اسلا م آباد(اپنے رپورٹر سے)پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کی ڈھال بنی رہی ہے، قائدِ عوام سے شہید بینظیر بھٹو تک پیپلز پارٹی نے تاریخی جدوجہد اور بے مثال قربانیاں دیں،ہماری پارٹی کا سفر ہمارے شہداء کی قربانیوں سے رقم ہے اور کارکنوں کی استقامت نے اسے مضبوط بنایا،صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاکستان نے بے مثال کامیابیوں کا دور دیکھا،ہمارے نظریئے کی بنیاد عوام کی خدمت ہے،پی پی پی کے 58 ویں یوم تاسیس پر بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے بانی اراکین، قائدین اور جیالوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس جمہوریت، باوقار مساوات اور سماجی انصاف کی جدوجہد سے جنم لینے والی عوامی تحریک کا جشن ہے، یومِ تاسیس پر میں اپنے شہیدوں کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتا ہوں۔ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس پر شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو کی تاریخی جدوجہد، جمہوری خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی امید، جمہوریت کی ضمانت اور محروم طبقات کی آواز ہے،تمام پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھیں، عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا وژن آج بھی ہمارے لئےمشعلِ راہ ہے، شہیدبے نظیر کے جمہوری مشن کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ یوم تاسیس پر کارکنوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ عوامی خدمت ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہے، ہم معاشی انصاف، سماجی تحفظ اور شمولیتی سیاست کے اصولوں پر قائم ہیں۔ آج بھی ہمارا وعدہ وہی ہے روٹی، کپڑا اور مکان ہر شہری کا حق ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پی پی پی ایک تحریک كا نام اورجیالے اسکے روح رواں ہیں، پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔

ملک بھر سے سے مزید