اسلام آباد(جنگ نیوز)پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی(پی ای پی اے) نے اسلام آباد میں نگرانی مزید سخت کردی۔ ایک بیان میں پاک ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل نازیہ زیب علی نے کہا کہ ایجنسی نے گاڑیوں کے دھوئیں کے تدارک کے لئے اپنے انفورسمنٹ آپریشنز میں تیزی پیدا کر دی ہے جو اسلام آباد میں بگڑتی فضائی صورتحال اور بار بار پیدا ہونے والے اسموگ کے بڑے اسباب میں شمار ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نفاذِ قانون کی ٹیمیں شہر کی بڑی شاہراہوں، چوراہوں اور زیادہ ٹریفک والے مقامات پر باقاعدہ معائنہ کر رہی ہیں تاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق موقع پر ہی جرمانہ، گاڑی کی ضبطی یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔