راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے گزشتہ روز نجی سوسائٹی فیز 8 راولپنڈی میں واقع گرین بیلٹ پر واقع پیٹرول پمپ کے ساتھ موجود غیر قانونی زیر تعمیر کمر شل عمارت کے خلاف آپریشن کرتے ہوے اسے مسمار کر دیا جبکہ اسکواڈ نے پیٹرول پمپ اور اس سے ملحقہ دکان کو بھی سر بمہر کر دیا۔ یہ کارروائی گرین بیلٹس اور محفوظ عوامی اراضی پر بڑھتی ہوئی غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے کی گئی، جو عوامی استعمال اور ماحول کے تحفظ کے لیے مختص ہیں۔ پراپرٹی کے مالک شاہد لئیق نے عمارت کی تعمیر کے لیے مطلوبہ منظوریوں اور این او سی کے بغیر تعمیرات شروع کرکے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ غیر قانونی ڈھانچے گرانے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔یہ کارروائی بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ فہد بھٹی، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک اور آر ڈی اے انفورسمنٹ اسٹاف نے پولیس اسٹیشن روات کی پولیس کی معاونت سے انجام دی۔ آر ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ عوامی اراضی کے تحفظ اور شہر کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔