بھارتی کامیڈین کپل شرما نے اعتراف کیا ہے کہ ٹی وی پر کام نے انہیں سست بنا دیا ہے، صوفے پر بیٹھا ہوتا ہوں، ایک دھیلے کی محنت نہیں ہوتی۔
44 سالہ کپل شرما آج کل اپنی فلم ’کس کس کو پیار کروں 2‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو 2015ء میں ریلیز ہونے والی اُن کی ہٹ فلم کا سیکوئل ہے۔
ایک انٹرویو میں بھارتی کامیڈین نے کہا کہ ٹی وی پر کام کی وجہ سے سست ہوگیا ہوں، جسمانی محنت کم اور سہولت زیادہ ہوگئی ہے، صوفے پر بیٹھا ہوتا ہوں، ایک دھیلے کی محنت نہیں ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی وی پر وزن بڑھنے سے کوئی فرق بھی نہیں پڑتا اور نہ ہی کام رکتا ہے، صوفے پر بیٹھ کر کام کرتا ہوں، جس کی وجہ سے جسمانی مشقت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
کپل شرما نے یہ بھی کہا کہ ذہنی کام تو ہوتا ہے لیکن جسمانی سرگرمی نہ ہونے سے فٹنس متاثر ہوتی ہے، یہی چیز ہے جس نے مجھے صحت کے معاملے پر سنجیدہ ہونے پر مجبور کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری موجودہ فٹنس کسی فلم یا پروجیکٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ شعوری فیصلہ ہے، میرا اس بار مستقل طور پر خود کو فٹ رکھنے کا ارادہ ہے۔
بھارتی کامیڈین نے ٹی وی پر شو کا سفر 2007ء میں شروع کیا تھا، جس کے بعد انہیں کامیڈی نائٹس ود کپل اور دی کپل شرما شو کیے، جو زبردست کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں کپل شرما کہہ چکے ہیں کہ بیوی کی موجودگی میں ساتھی اداکارہ کے ساتھ سیٹ پر رومانس کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔