• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کے معاشرتی مسائل، کشف فاؤنڈیشن کا ڈرامہ جیو پر پیش کیا جائیگا

لاہور (جنگ نیوز) کشف فاؤنڈیشن نے حکومتِ کینیڈا کے تعاون سے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنا سماجی موضوع پر مبنی نیا ڈرامہ ”ایک اور پاکیزہ“ لانچ کیا۔ اس تقریب میں پالیسی سازوں، خواتین کے حقوق کے کارکنان، سینئر قانونی ماہرین، میڈیا پروفیشنلز اور کاسٹ و تخلیقی ٹیم کے ارکان نے شرکت کی، تاکہ ڈیجیٹل دور میں پاکستانی خواتین کو درپیش فوری اور بدلتے چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے۔ خواتین کو درپیش مختلف سماجی و معاشرتی مسائل کی طرف توجہ، ڈرامہ جلد جیو پر پیش ہوگا، لاہور میں تقریب،پاکستان میں 72 ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں اور تقریباً 40 فیصد خواتین آن لائن ہراسگی کا سامنا کرتی ہیں ،یہ سیریز ان حقیقی مسائل کو بیان کرتی ہے جن کا سامنا خواتین کو سائبر ہراسگی، جبری شادی، کردار کشی اور قانونی کمزوریوں کے باعث انصاف تک رسائی میں مشکلات کے طور پر ہوتا ہے۔ سیریز کی کاسٹ میں نمیر خان، سحر خان، مرزا گوہر رشید، آمنہ الیاس، نمرا ذکریا خان، حنا خواجہ، عدیل بٹ، عمر ڈار، نادیہ افگن، محمد نورالحسن ملک، داور محفوظ، علی آفتاب، کرن وسیم، سارہ احمد اور محمد علی جان شامل ہیں۔ بیرسٹر فاطمہ شاہین نے تعارف پیش کیا اور مہمانوں کے درمیان گفتگو کا آغاز کیا۔اپنے استقبالیہ خطاب میں کشف فاؤنڈیشن کی بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر روشانے ظفر نے کہا“ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کے مطابق پاکستان میں 72 ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں اور تقریباً 40 فیصد خواتین آن لائن ہراسگی کا سامنا کرتی ہیں۔ ’ایک اور پاکیزہ‘ اسی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے — سائبر ہراسگی، سماجی دباؤ اور قانونی رکاوٹیں جن سے خواتین روزانہ نمٹتی ہیں۔ یہ سلسلہ یہ سوال اٹھاتا ہے کہ ایک ایسی ڈیجیٹل دنیا میں خواتین اپنی عزت نفس کو کیسے بحال کریں، جہاں چند منٹوں میں ان کی زندگی بدل سکتی ہے۔ ہمارا مقصد کہانی کے ذریعے مکالمہ پیدا کرنا، منفی رویّوں کو چیلنج کرنا اور خواتین کے لیے موثر قانونی نظام کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ خواتین کو محفوظ، باعزت اور یکساں انصاف تک رسائی حاصل ہونی چاہیے، آن لائن بھی اور آف لائن بھی، اور یہ پراجیکٹ اسی سچائی کو بلند آواز دینے کی ایک کوشش ہے۔”تقریب میں کینیڈا کی جانب سے پاکستان میں خواتین کے حقوق اور تحفظ کے منصوبوں کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا گیا۔ حکومتِ کینیڈا کی ہیڈ آف کوآپریشن، ہیریئٹ راس نے اپنے خطاب میں کہا:“کینیڈا طویل عرصے سے خواتین کے حقوق اور اُنہیں بااختیار بنانے کا حامی رہا ہے اور گزشتہ 10 سال سے کشف فاؤنڈیشن کا شراکت دار ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج میں ان کے تخلیقی ساتھیوں کے ساتھ موجود ہوں تاکہ ان کی نئی ڈرامہ سیریز اور اس کے ذریعے ہونے والی اہم قومی گفتگو کا حصہ بن سکوں۔”سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ جب تک خواتین کو انصاف تک مساوی رسائی نہیں ملتی، معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، جو صنفی مساوات کا بنیادی ستون ہے۔ جیو کے نمائندے نے کہا کہ“ہم ایسی منفرد کہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں جو معاشرے کی بہتری کے ساتھ ساتھ ناظرین کو معیاری تفریح بھی فراہم کریں۔ ہم کشف فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنی شراکت داری کے منتظر ہیں۔ ڈائریکٹر کاشف نثار اور رائٹر بی گل کا کام جلد ہی جیو اسکرین پر پیش کیا جائے گا۔ پہلا پینل“سائبر کرائم کے دور میں انصاف تک رسائی”تھا، جس کی میزبانی ریما عمر نے کی۔ اس میں خاور ممتاز، فوزیہ وقار، اسامہ خلجی اور بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے بڑھتی ہوئی آن لائن ہراسگی، تحقیقات و استغاثہ میں خامیوں اور خواتین کے قانونی تحفظات کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری اصلاحات پر گفتگو کی۔دوسرا پینل“اسکرپٹ سے اسکرین تک: ایک اور پاکیزہ کی تخلیق”تھا، جس میں سحر خان، نمیر خان، امنہ الیاس، حنا بیات، ڈائریکٹر کاشف نثار اور رائٹر بی گُل شامل تھے۔ ٹیم نے تخلیقی عمل، حساس موضوعات کو ذمہ داری سے پیش کرنے، اور ڈرامے کے ذریعے متاثرہ خواتین کی انسانی پہلو سے نمائندگی کرنے کے متعلق گفتگو کی۔ ”تقریب میں ’ایک اور پاکیزہ‘ کے آفیشل ٹریلر کی پریمیئر اسکریننگ بھی کی گئی۔ ڈرامے کے اداکاروں کا کہنا تھا کہ ایسے موضوع معاشر ے کی بے حسی اور مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ دوبارہ جی اٹھنے کی امنگ پیدا کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر کاشف نثار نے کہا کہ اس ڈرامے کی ہدایتکاری مشکل کام تھا کیونکہ میری بھی دو بیٹیاں ہیں لیکن یہ کہانی اسی معاشرے کی ہے۔ لوگوں کو حوصلے سے دیکھنا ہوگی۔ مصنف بی گل نے کہا کہ سارے کرداروں کو ذمہ داری سے لکھا گیا ہے۔ ڈرامہ دیکھ کر بہت سے لوگ اپنی کہانی یاد کر پائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید