کراچی(اسٹاف رپورٹر)کھلے مین ہول میں معصوم بچی کے گرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا،بلدیہ ٹاون سیکٹر 12 ڈی میں کھلے مین ہول میں بچی کے گرنے کے حوالے سے ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔ اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو گٹر سے نکال لیا۔بچی معمولی زخمی بھی ہوئی،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مین ہول کا ڈھکن غائب ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کھلے مین ہول میں 3 سالہ بچی عمارہ کے گرنے کا واقعہ بدھ کو پیش آیا تھا ۔بچی کے مین ہول میں گرنے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انتظامیہ کی جانب سے فوری گٹرکا ڈھکن رکھ دیا گیا لیکن دوسرے کھلے مین ہولز کو ایسے ہی چھوڑدیا گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کھلے مین ہول میں بچی کے گرنے کا واقعہ پہلا نہیں اسے قبل ہی کئی بچے کھلے مین ہول میں گر چکے ہیں۔