لاہور(آصف محمود بٹ )ملک بھر کے چیمبرز کا تاریخی اور اہم کنونشن لاہور میں ہوگا،وفاقی وزیر خزانہ بھی شریک ہونگے، مشاورت کیلئے واضح میکنزم کی ضرورت، ٹیکسیشن کے نظام، زیادہ پیداواری لاگت سمیت دیگر معاملات پر سفارشات مرتب کی جائینگی۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر انتظام 13دسمبر کو پالیسی سازی میں چیمبرز کا کردار کے موضوع پرملک بھر کے چیمبرز کا ایک تاریخی اور اہم کنونشن لاہور کے نجی ہوٹل میں منعقد ہورہا ہے جس کی صدارت صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل کریں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو اس ملک گیر کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبہ کی شمولیت ناگزیر ہے اس ملک گیر کنونشن میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور، نمائندگان، ماہرین اقتصادیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اگر اس کنونشن کے نتیجہ میں حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی ہوتی ہے، پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبہ کو شامل کیا جاتا ہے تو یہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا۔