کراچی (سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین کی تقرری کا عمل کا آخری مرحلہ جمعہ 5 دسمبر کو ہوگا جس میں وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں سرچ کمیٹی ٹاپ پانچ امیدواروں سے تفصیلی انٹرویو کرے گی ۔ وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ور تربیت ندیم محبوب نے جنگ کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے انٹرویوز کے دوران سرچ کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ٹاپ پانچ امیدواروں کے مزید تفصیلی انٹرویوز کیے جائیں تاکہ بہترین امیدواروں میں سے سب سے ’’بہترین امیدوار‘‘ کا انتخاب کرکے اس کا نام وزیراعظم کو بھیجا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر امیدوار کی تلاش میں یہ طریقہ کار نیا نہیں بلکہ نجی شعبے میں بھی اس عمل کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن پانچ امیدواروں کو دوبارہ انٹرویو کے لیے بلایا گیا ہے ان میں پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر نیاز احمد، ڈاکٹر محمد علی شاہ، ڈاکٹر سرفراز خالد اور ڈاکٹر خالد حفیظ شامل ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ تین امیدواروں کے درمیان ہے اور سرچ کمیٹی تفصیلی انٹرویوز کے بعد تین نام ہی وزیراعظم کو بھجوائے گی، جس کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔ ٹاپ 3 امیدواروں میں ڈاکٹر سروش حشمت لودھی 8 برس تک این ای ڈی انجنیئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں اس وقت وہ سندھ ایچ ای سی میں چیرمین کے بعد سب سے اہم عہدے چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کے چیرمین ہیں۔ انھوں نے اپنے آٹھ سالہ دور میں نہ صرف 440ملین روپے سے زائد کے خسارے پر قابو پایا بلکہ 11,400 ملین روپے کی مجموعی سرمایہ کاری بھی یونیورسٹی کے لیے چھوڑی، جس میں 3,500ملین روپے کا پنشن فنڈ اور 5,000 ملین روپے سے زائد کا انڈومنٹ فنڈ شامل ہےنیز، نینو ٹیکنالوجی، پانی اور توانائی کے شعبوں میں خصوصی تحقیقی ادارے قائم کیے۔ سابق طلبہ سے 1 ارب روپے سے زائد کے عطیات بھی جمع کیے ۔ ڈاکٹر نیاز احمد اس وقت قائد اعظم یونیورسٹی کی وائس چانسلر ہیں وہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر، یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے ریکٹر، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ٹیکسلا کے وائس چانسلر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں اس کے علاوہ ڈاکٹر نیاز پنجاب یونیورسٹی لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے بانی ڈائریکٹر بھی ہیں۔۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ ایک ممتاز ماہر تعلیم اور پنجاب یونیورسٹی (PU) کے موجودہ وائس چانسلر ہیں۔ وہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور اور ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر اضافی چارجز بھی سنبھال چکے ہیں۔ انھوں نے یونیورسٹی آف ویلز، برطانیہ سے پی ایچ ڈی کی اور یونیورسٹی آف میسوری، USA سے پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ کی ڈاکٹر محمد علی نے GCUL، BZU ملتان اور غازی یونیورسٹی میں بھی خدمات انجام دیں۔ ہائر ایجوکیشن کی طرف سے 2002، 2005 اور 2011 کے لیے بہترین یونیورسٹی ٹیچر سے نوازا گیا ان کی زیر نگرانی 120 طلبہ نے ایم فل اور 40طلبہ پی ایچ ڈی کی ۔ ڈاکٹر محمد علی دو بین الاقوامی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ ان کے 240مقالے شائع ہو چکے ہیں۔ پروفیسر علی کو تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیاہے۔