کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانتے۔وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعلقات ذات پر نہیں اصول پر مبنی ہیں۔ عمران خان کے دور میں یہ تعلقات ذات کے گرد گھومتے تھے۔ تعلقات بگڑنے کے خواب یہ لوگ بہت عرصے سے دیکھ رہے تھے ۔ یہ ایک نیا عہدہ ہے ا سکے لئے درکار تیاریوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ پی ٹی آئی والے ہمیشہ ڈیل لے کر پچھلے دروازوں سے آتے ہیں اس دفعہ پی ٹی آئی کی ڈیل نہیں بن سکی اور نہ بن سکے گی۔ وزیراعلیٰ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ قانون سے ماورا اقدام کرنے دئیے جائیں گے۔ جیل میں ملاقات سے متعلق عدالتی فیصلے کو حکومت نے نہیں پی ٹی آئی نے توڑا۔ سمجھداری کی بات کرنے والوں کی پی ٹی آئی میں کوئی عزت نہیں ہے۔ جیل میں ملاقاتوں کا غلط استعمال ہوگا تو ملاقات نہیں ہوگی۔ صحافی، تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ اس وقت حالات دیکھتے ہوئے یہ کہہ سکتا ہوں کہ نہ پہلے کوئی مسئلہ تھا نہ آج کوئی ہے اور نہ آنے والے دنوں میں نظر آرہا ہے۔