اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع انتہائی اہم ہے،ترجمان آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس مایوس کن تھی، یہ افسوسناک ہے کہ ریاستی ادارے اور سیاستدان ایک دوسرے کو ذہنی مریض قرار دیں یا ایک دوسرے کو خطرہ سمجھیں۔ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ کشیدگی کم ہو اور تعلقات بہتر ہوں،، انہوں نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ واضح ہے کہ وہ نہ تو ملک کی دشمن ہے اور نہ کبھی ہو گی، پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، ہم نے اس کا عملی مظاہرہ کیا ہے اور کرتے رہیں گے،اب وقت آگیا ہے کہ سب ایک دوسرے کو قبول کریں، موقع دیں اور بے اعتمادی کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کریں،بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ کچھ غیر متعلقہ لوگ پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان تناؤ کا سبب نہ بنیں، پی ٹی آئی کے بانی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اگر ملاقاتوں کی اجازت ملے تو بہتری کی طرف پیش رفت ہو گی، ملک مزید تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ادھر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنے ایک محتاط ردعمل میں ایکس پر لکھا کہ غیر ضروری گھبراہٹ پر مبنی ردعمل کوئی سیاسی حکمت عملی نہیں ۔