ملتان(سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کااہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سٹیج صدر خالد محمود قریشی تھے‘ اجلاس میں کفایت حسین‘ مظہر کھاکھی‘ رانا ہاشم اور اعجاز حسین نے خصوصی شرکت کی‘اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کم عمر بچوں کیخلاف ٹریفک مقدمات کے اندراج کا فوری نوٹس لینے اور پولیس کو کارروائی سے روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید جعفر شاہ نے کہا کہ مریم نواز شریف نے بچوں کو ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات سے استثنیٰ دیکر ایک تاریخی اور عوام دوست قدم اٹھایا ہے،جعفر شاہ نے اسمارٹ کارڈ کے اجراکی تجویز کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کو سکول آنے جانے سمیت دیگر شہری امور میں حقیقی سہولت حاصل ہوگی، خالد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کہ حکومت عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور بروقت اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،اس موقع پر اجلاس میں شریک کفایت حسین، ملک مظہر کھاکھی، رانا ہاشم علی اور اعجاز حسین نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی ریلیف کی بہترین مثال ہے۔