• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملتان ڈویژن کی عدم تعیناتی‘ انتظامی و فیلڈ سرگرمیاں شدید متاثر

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملتان ڈویژن کی اسامی گزشتہ ایک سال سے خالی، انتظامی و فیلڈ سرگرمیاں شدید متاثر ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی کلیدی اسامی پر سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم رمزی کی دسمبر 2024ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد تاحال کسی مستقل یا عارضی افسر کی تعیناتی نہیں کی جا سکی، جس کے باعث پورا شعبہ انتظامی سطح پر شدید خلل کا شکار ہے، محکمہ صحت کے مطابق ڈائریکٹر ہیلتھ کا دفتر نہ صرف ڈویژن بھر میں صحت عامہ کے منصوبوں، مانیٹرنگ اور آڈٹ کا مرکزی ادارہ ہوتا ہے بلکہ متعدی و وبائی امراض کے کنٹرول، ویکسی نیشن مہمات، ہیلتھ سرویئرز کی نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کی براہراست ذمہ داری بھی اسی عہدے سے جڑی ہوتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسامی خالی ہونے کے باعث فیلڈ سٹاف کو انتظامی رہنمائی کی کمی کا سامنا ہےجب کہ ڈویژن میں جاری ڈینگی کنٹرول سرگرمیاں، ملیریا سرویلنس، پولیو ٹیموں کی نگرانی، اور ہنگامی طبی اقدامات متاثر ہورہے ہیں، بعض اضلاع کے افسران کا کہنا ہے کہ ڈویژنل سطح پر فیصلہ سازی نہ ہونے سے فیلڈ میں عملی مشکلات بڑھ گئی ہیں، عوامی و سماجی حلقوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتپنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملتان ڈویژن کی خالی اسامی پر فوری طور پر اہل افسر کی تعیناتی کی جائے تاکہ صحت عامہ سے متعلق جاری سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھا جاسکے اور سردیوں کے موسم میں متوقع بیماریوں کے پھیلاؤ کا بروقت مقابلہ کیا جاسکے۔
ملتان سے مزید