• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھی کلچر ڈے کے نام پر ریاست کے اندر ریاست قائم کی گئی، فاروق ستار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ سندھی کلچر ڈے کے نام پر کراچی کی سڑکوں پر ریاست کے اندر ریاست قائم کی گئی، ریلی کے شرکاء نے کھلے عام اسلحہ لہرایا، پاکستان مخالف اور نفرت انگیز نعرے لگائے گئے، ملزمان کو "معصوم" قرار دینے کا عدالتی رویہ انصاف کا قتل ہے، گرفتار کرنے والوں کو جاہل کہنا کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے، اس کا وفاقی حکومت اور اداروں کو نوٹس لینا چاہئے، کیا اس قسم کی اجازت مہاجر نوجوانوں کو بھی دی جائے گی، ریلی میںریاست اوروفاق کی رٹ کو چیلنج کیا گیا، اگر فوری کاروائی نہیں کی گئی تو پھر نہ وفاق کی اور نہ ہی وزیر اعلی کی رٹ باقی رہے گی،سندھ ہائی کورٹ اگر نوٹس نہیں لے گی تو پھر عدلیہ کی رٹ کہاں ہوگی دنیا دیکھے گی۔ بدھ کو بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے مرکزی رہنما علی خورشیدی نے کہا کہ کلچر ڈےپر کراچی کی شاہراہوں اور سڑکوں پر مسلح جتھوں کے ذریعے ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی سازش کو بے نقاب کرنا ہے، اس افسوسناک اور شرمناک عمل کے دوران نہ صرف ہنگامہ آرائی اور تشدد کے واقعات ہوئے بلکہ سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ایمبولینسوں کو نذرِ آتش کیا گیا ، ایم کیو ایم پاکستان اس کی شدید مذمت کرتی ہے ، ہم حکومت کے ترجمان کے بیانات کا انتظار کرتے رہے مگر انکی پراسرار خاموشی یہ ظاہر کرتی ہے کہ یہ ملک دشمنی کا ایک ایجنڈا اور سوچی سمجھی سازش ہے۔
اہم خبریں سے مزید