اسلام آ باد(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمودلنگڑیال نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگے کپڑے، گھر، گاڑیوں اور گھروں کی نمائش کرنے والے ریڈار پر ہیں اور سوشل میڈیا پر گوشوارہ کم ظاہر کرنے والے 30افراد کو نوٹس جاری کرچکے اور ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائیوں کی یومیہ رپورٹ مرتب ہو رہی ہے‘ مشکلات کے باوجود اسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ اب تھمنے والا نہیں ہے۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چیئرمین ایف بی آرکاکہناتھاکہ پہلے ٹیکس والی چینی اور بغیر ٹیکس والی چینی کا ریٹ الگ الگ تھا، اب بغیر ٹیکس والی چینی کا اسٹاک رکھنے والے کا نام بتائیں، ایسے افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں شوگر انڈسٹری سے جمع سیلزٹیکس میں 40ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ٹیکس چوروں کے خلاف ایک چیف کمشنر انفورسٹمنٹ مقرر کر دیا گیا ہے‘ٹیکس چوروں کیخلاف ملک بھر میں کارروائیاں چیف کمشنر کے ماتحت ہوں گی۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اسمگلنگ کے سامان کی ترسیل روکنے کے لئے سخت کارروائیاں ہو رہی ہیں۔