• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک تحفظ آئین کا 20 اور 21 دسمبر کو قومی کانفرنس بلانے کا اعلان، پی پی کو دعوت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(این این آئی)تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 20اور 21دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا‘ مصطفی کھوکھر، حسین یوسفزئی اور خالد چوہدری پر مشتمل انتظامی کمیٹی قائم کردی گئی۔ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کو 2 روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائےگی تاہم ن لیگ کو مدعونہیں کیاجائےگا۔ اعلامیہ کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس میں عمران خان کی بہنوں پر مبینہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے، عمران خان کے سیاسی رفقا اور اہلِ خانہ سے ملاقاتیں فوری بحال کی جائیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے اشاروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت فوری بحال کی جائے اور تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں آئین نام کی چیز ہی نہیں ہے‘اگر ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں تو پہلے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیں‘جب عوام اٹھتی ہے تب سب کچھ جل جاتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید