• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی ایچ او کیماڑی میں قواعد کی سنگین خلاف ورزی

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کیماڑی میں قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی ہے جہاں اسائن ٹو ورک آرڈر کے تحت ایک سپرنٹنڈنٹ کو تعینات کرکے اکاؤنٹس آفیسر کے طور پر کام لیا جا رہا ہے اور اکاؤنٹس جیسے حساس مالی امور اس کے سپرد ہیں، حالانکہ ضلع کیماڑی میں نہ سپرنٹنڈنٹ کی کوئی آسامی موجود ہے اور نہ ہی اس پوسٹ پر اکاؤنٹس کا کام لینا قانونی طور پر جائز ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب شیخ کا کہنا تھا کہ ایسی آسامی جو ضلع میں موجود نہ ہو اس پر بھی اسائن ٹو ورک کے ذریعے ملازم کو بھیجا جا سکتا ہے۔ انتظامی ماہرین اس وضاحت کو عدالتی احکامات اور سول سروس رولز کے منافی قرار دیتے ہیں کیونکہ اسائن ٹو ورک پر مکمل پابندی ہے اور کسی بھی غیر موجود آسامی پر ملازم کی تعیناتی واضح طور پر غیر قانونی ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع کیماڑی کے قیام کے بعد سے اکاؤنٹس آفیسر کی آسامی مسلسل خالی ہے لیکن اسے مستقل تقرری کے ذریعے پر کرنے کے بجائے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے دفتر میں تعینات ایک ملازم سے یہ اہم ذمہ داری لی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید