• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سرونٹس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی نئی قومی روایت کا آغاز

لاہور(آصف محمود بٹ )پاکستان میں سول سرونٹس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی نئی قومی روایت کا آغاز۔ سابق چیف سیکریٹری پنجاب نجیب اللہ ملک نے کہا کہ سول سرونٹس ’انتظامی تسلسل کی ریڑھ کی ہڈی ‘ ہیں اور ان کی خدمات کو یاد کرنا بیوروکریسی کے اخلاقی ڈھانچے کو مضبوط بناتا ہے۔ سابق وفاقی سیکریٹری سلمان صدیق نے کہا کہ سول سروس کو جوڑ کر رکھنے والی اصل طاقت باہمی اعتماد، احترام اور مشکل فیصلوں کی شب و روز محنت ہے۔ تقریب سے سابق بیوروکریٹ امجد ثاقب،سابق وفاقی سیکریٹری کامران لاشاری، سابق وفاقی سیکریٹری طارق محمود،ڈی جی سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے بھی خطاب کیا۔ پاکستان سول سروسز اکیڈمی (CSA) لاہور اور سول سروسز لیگیسی گلڈ (CSLG) کے اشتراک سے الحمرا آرٹس سینٹر میں پہلا قومی تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں 1947 سے 2025 تک ملک کی خدمت کرنے والے سول سرونٹس اور اہم قومی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق یہ تقریب ایک "تاریخی سنگِ میل" ثابت ہوئی، جو آئندہ برسوں میں سول بیوروکریسی کے اُن افسروں کی یاد کو باقاعدہ قومی روایت کا حصہ بنائے گی جنہوں نے دہائیوں تک پیشہ ورانہ وقار، دیانت اور عوامی خدمت کو مقدم رکھا۔تقریب میں ریٹائرڈ ب ٹاپ بیوروکریٹس، مختلف کیڈرز کے حاضر سروس افسران، مرحومین کے اہل خانہ، اکیڈمی کی فیکلٹی اور 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ماحول سوگوار ہونے کے باوجود شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اُن افسروں کی ادارہ جاتی یادداشت محفوظ رکھی جائے گی جنہوں نے پاکستان کی انتظامی بنیادوں کو استحکام دیا۔مقررین نے کہا کہ سول سرونٹس نے ہمیشہ پسِ منظر میں رہ کر ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے اور پالیسی سازی کے مشکل مراحل میں رہنمائی کا کردار ادا کیا۔ تعزیتی ریفرنس کا مقصد اُن خدمات کو تسلیم کرنا تھا جنہیں اکثر ان کی زندگی میں مناسب طور پر سراہا نہیں جا سکا۔ سی ایس اے اور سی ایس ایل جی کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی ورثے کی حفاظت آنے والی نسلوں کے سرکاری منتظمین کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب کا آغاز سابق چیف سیکریٹری پنجاب اور سی ایس ایل جی کے پیٹرن اِن چیف نجيب اللہ ملک کے خطاب سے ہوا، جنہوں نے کہا کہ سول سرونٹس "انتظامی تسلسل کی ریڑھ کی ہڈی" ہیں اور ان کی خدمات کو یاد کرنا بیوروکریسی کے اخلاقی ڈھانچے کو مضبوط بناتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید