کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر رحیم آغا نے کہا ہے کہ مہنگائی ، اخراجات اور موجودہ معاشی صورتحال کے مطابق ہوٹل مالکان کو نیا نرخ نامہ جاری کیا جائے انہوں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہوٹل مالکان کے ملازمین پر ماہانہ ڈھائی ہزار روپے لینے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری محکمے حیلے بہانوں سے ہوٹل و ریسٹورنٹ مالکان کو تنگ کررہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں یہ بات انہوں نے آل بلوچستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن حب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کر تے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے غیر ضروری جرمانے اور بلاجواز کارروائیاں معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کررہی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سرکاری محکمہ کی طرف سے ہوٹل مالکان یا تاجروں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو انجمن تاجران بلوچستان اور آل بلوچستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن مشترکہ طور پر صوبہ بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گی۔