کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ چھوٹا گیٹ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر 35 سالہ کویتا زوجہ ہری رام ہلاک ہو گئی، میمن گوٹھ فلک ناز ٹاور کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 24 سالہ ریاض احمد ولد عبدالوسع جاں بحق ہوگیا، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا،میمن گوٹھ لنک روڈ پر منی ٹرک اورگاڑی میں تصادم کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 نوجوان زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق زخمی نجی یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں ، سپر ہائی وے ڈی ایچ اے چڑھائی پر بس اور ٹر یلر میں تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 4افراد زخمی ہو گئے، سپرہائی وے ٹول پلازہ عسکری 6کے قریب کام کے دوران چھت سے گر کر مزدور 35 سالہ محمد اقبال ولد اللّٰہ بخش جاں بحق ہوگیا، سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں واقع نجی کمپنی میں کام کے دوران مشین میں آنے سے 35 سالہ حاکم علی ولد محمد عرس جاں بحق ہوگیا ، اسٹار گیٹ مین بس اسٹاپ کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55سالہ محمد ناصر ولد حسن خان جاں بحق ہوگیا، قیوم آباد سی آر پٹے کے قریب ٹرک سے تصادم میں رکشا ڈرائیور 30سالہ عدنان ولد گبول شدید زخمی ہوگیا، بلوچ کالونی کمپنی کے قریب ریلوے ٹریک پر ٹرین سے کٹ کر 40 برس کا شخص جاں بحق ہوگیا فوری شناخت نہ ہوسکی ۔