• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمسن ایتھلیٹ کائنات اور عمر رسیدہ عاصم مستقبل کیلئے پرعزم

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) حالیہ قومی گیمز کی سب سے کم عمر کھلاڑی 9سالہ ایتھلیٹ کائنات ابراہیم اور عمر رسیدہ کھلاڑی سابق قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن 59سالہ عاصم قریشی نے مقابلوں میں شرکت پر اظہار مسرت اور مستقبل میں اچھے نتائج کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ کائنات نے اتوار کو کراچی میں ہونے والی دس کلو میٹر مراتھن جیت لی، قومی گیمز میں انہوں نے 10ہزار میٹرز ایونٹ میں برانزمیڈل جیتا جبکہ انہیں 5 ہزار میٹر کی دوڑ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا،59 سالہ عاصم قریشی نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ اگلے سال کراچی میں ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں بھی ایکشن میں ہوں گا، واپڈا سے اگلے سال ریٹائر ہوجائوں گا مگر کھیل جاری رکھوں گا، خواہش ہے کہ نئے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے اکیڈمی قائم کروں۔ کائنات ابراہیم کا کہنا ہے کہ ابھی میرا سفر شروع ہوا ہے، کوشش ہوگی کہ ایشیائی اور عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کروں، حکومت اور فیڈریشن سے اپیل کی کہ سہولت فراہم کی جائے، اور ان کی کوچنگ کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں تو وہ چند سال میں ملک کے لئے میدل جیت سکتی ہیں۔