کراچی(اسٹاف رپورٹر) بیٹنگ لائن کی ناکامی کی وجہ سے بھارت نے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ انڈر19کا میچ 90 رنز سے جیت لیا۔ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ملائشیا کے خلاف میچ 78رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کے ایان مصباح نے 153 گیندوں پر163رنز بنائے۔ دبئی میں بارش کی وجہ سے پاکستان بھارت میچ کو49،49اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ پاکستان انڈر19نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ دی جو 46.1 اوورز میں240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناکام ٹیم 41.2 اوورز میں 150 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔30 رنز پر چار وکٹ گرچکے تھے۔ عثمان خان 16، سمیر منہاس 9 ، علی حسن بلوچ صفر اور احمد حسین 4 رنز بنا سکے۔ حذیفہ احسن کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی وہ 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان فرحان یوسف نے 23 رنز اسکور کیے۔ دیپیش دیوندرن اور کانشک چوہان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بھارت کی اننگز میں ارون جارج 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ عبدالسبحان نے 42 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صیام نے بھی3کھلاڑیوں کو 67 رنز کے عوض آؤٹ کیا جن میں ویبھاؤ سوریا ونشی ( 5 ) کپتان آیوش مہاترے ( 38 ) کی اہم وکٹیں بھی شامل تھیں۔ نقاب شفیق نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم 16 دسمبر کو آخری گروپ میچ میں عرب امارات کے خلاف مدمقابل ہوگی۔