کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے اگلے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 15 دسمبر سے کلبوں کی اسکروٹنی کی جائے گی ۔پہلی بار ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن کا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے ہوگا ۔ تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سابق صدر ، رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے فیڈریشن کے ماتحت ہونے والے انتخابات کو مسترد کردیا ہے، انہوں نے شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے پی ایس بی سے اپنی نگرانی اور الیکشن کمیشن سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آن لائن پورٹل سب سے پہلے پنجاب کے ہاکی کلبوں کے لیے 15 سے 20 دسمبر تک اوپن کیا جائے گا، جبکہ 21 سے 30 دسمبر تک دیگر صوبوں کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ آئی پی سی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابقفیڈریشن نے تین مرحلوں پر مشتمل جامع الیکشن پلان ترتیب دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں کلب رجسٹریشن، دوسرے مرحلے میں 5 سے 30 جنوری تک ا سکروٹنی اور ڈسٹرکٹ الیکشنز، تیسرے مرحلے میں صوبائی سطح کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کرائے جائیں گے۔کلبوں کی اسکروٹنی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن، صوبائی ایسوسی ایشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے شامل ہوں گے ۔ دو رکنی الیکشن کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کمیشن کا تعلق پاک فوج اور سپریم کورٹ بار سے ہوگا۔ انتخابات میں انٹرنیشنل اور ایشین ہاکی فیڈریشن کے نمائندے بطور آبزرور شریک ہوں گے۔