شکارپور (عمران مرتضیٰ ابڑو/نامہ نگار)شکار پور سے آغا سراج درانی کی خالی نشست پر بیٹا شہباز درانی کامیاب ، پی پی امیدوار نے 73ہزار 954ووٹ لئے، جے یو آئی کے رشداللہ شاہ9ہزار412ووٹ لے سکے۔ ضلع شکارپور کے صوبائی حلقہ پی ایس9گڑھی یاسین، شکارپورIII پر ضمنی انتخابات 2025کے دوران ووٹ ڈالنے کا عمل صبح آٹھ بجے سے شروع ہوکر بلا تعطل شام پانچ بجہ تک جاری رہا۔ سردی کے باعث صبح کے اوقات میں ووٹ ڈالنے کا عمل انتہائی سست روی کا شکار رہا، جوکہ سورج کی آب و تاب کے ساتھ بڑھنے لگا۔ دوران الیکشن حفاظتی اقدامات کے پیش نظر محکمہ پولیس کیجانب سے تین ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکاروں نے اپنے فرائض سر انجام دیئے۔ جبکہ انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز اور کوئیک ریسپانس ٹیمیں بھی ہائی الرٹ رہیں۔ شام پانچ بجے کے بعد تواتر سے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایک بار پھر یہ نشست آغا سراج خان درانی مرحوم کے صاحبزادے پی پی پی پی کے نامزد امیدوار آغا شہباز خان درانی نے 73 ہزار 954 ووٹ لیکر اپنے نام کرلی ہے۔ جبکہ جے یو آئی ف کے نامزد امیدوار مولانا سید رشدالله شاہ امروٹی 9 ہزار 412 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ مکمل نتائج آنے کے بعد کوٹ درانی گڑھی یاسین میں جشن کا سماں بندھ گیا، جہاں حمایتیوں کا ایک ہجوم جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دینے کے لیے پہنچا۔