• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براہوئی زبان کے نامور شاعر محمد اسحٰق سوزکی یاد میں تعزیتی ریفرنس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)براہوئی ادبی سوسائٹی کے زیراہتمام براہوئی زبان کے نامور شاعر محمد اسحٰق سوز مرحوم کی یاد میں نوری نصیر خان کمپلیکس میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی صدارت جامعہ گوادر کے وائس چانسلر ممتاز شاعر و محقق ڈاکٹرعبدالرزاق صابر نے کی جبکہ مہمان خاص بلوچی اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسرعرفان جمالدینی تھے ، اسٹیج سیکریٹری کے فرائض براہوئی ادبی سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر حسن ناصر نے انجام دیئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ مرحوم اسحٰق سوز کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔ مقررین نے محمد اسحٰق سوز کی زندگی ، شاعری اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں براہوئی زبان کا عظیم اور ہمہ جہت شاعر قرار دیا ۔ اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ محمد اسحاق سوز کے بغیر براہوئی غزل نامکمل ہے ان کی غیر مطبوعہ براہوئی ، اردو اور فارسی شاعری شائع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مہمانِ خاص پروفیسر عرفان جمالدینی نے کہا کہ سوز کی شعری روایت آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ہے ۔ تقریب میں افضل مراد ، وحید زہیر ، نور خان نواب ، شاہین بارانزئی ، نجیب سائر ، پروفیسر حمیرا صدف اور سائر عزیز نے بھی اظہارِ خیال کیا اور مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کوئٹہ سے مزید