• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی احکامات کی بروقت تعمیل اور ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

ملتان( سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر کی ہدایت پر ایس پی لیگل کی ریجن کے لا افسران سے ویڈیو لنک میٹنگ، عدالتی احکامات کی بروقت تعمیل اور ریکارڈ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی ہدایت پر ایس پی لیگل، ریجنل پولیس آفس ملتان نے ڈسٹرکٹ ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے لا افسران کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ریجن کے تمام لیگل افسران کی مجموعی کارکردگی، زیرِ التواء مقدمات، عدالتی احکامات کی تعمیل اور ریکارڈ کی بروقت فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی لیگل نے واضح کیا کہ لیگل برانچ کی بنیادی ذمہ داری عدالتی احکامات کی بروقت اور مکمل تعمیل کو یقینی بنانا ہے، تاکہ کسی بھی عدالتی کارروائی میں تعطل یا رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوئر کورٹ، سیشن کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل قانون اور قواعد کے مطابق کی جائے اور ریکارڈ کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ایس پی لیگل شعبان محمود نے میٹنگ کے دوران کہا کہ عدالتی معاملات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام لا افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور مستعدی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیس فائلنگ، پیروی اور ریکارڈ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ پولیس کا مؤقف عدالتوں میں مضبوط انداز میں پیش کیا جا سکے۔میٹنگ میں ڈسٹرکٹ ملتان سے ڈی ایس پی شہزاد حمید بذاتِ خود موجود تھے، جبکہ دیگر اضلاع کے لیگل افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
ملتان سے مزید