کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی حکومت غیر ملکی نژاد امریکیوں کو اُن کی شہریت سے محروم کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس سے صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے ایک نئے جارحانہ مرحلے کی نشاندہی ہوتی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے فیلڈ آفسز کو منگل کے روز جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کی شہریت کے خاتمے کیلئے وہ 2026ء میں ہر ماہ امیگریشن لٹیگیشن آفس کو 100؍ سے 200؍ کیسز فراہم کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان کیسز پر کارروائی مکمل ہوئی تو شہریت ختم کیے جانے کے واقعات میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا۔ موازنہ کے طور پر، جسٹس ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2017ء سے اب تک صرف 120؍ سے زیادہ کیسز درج کیے گئے ہیں۔ وفاقی قانون کے تحت، لوگوں کو صرف اس صورت میں شہریت سے محروم کیا جا سکتا ہے اگر انہوں نے شہریت کیلئے درخواست دیتے وقت دھوکا دہی کی ہو، یا صرف مخصوص حالات میں۔