لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ بطور قائد حزب اختلاف ان کی ملاقات بھارت کا دورہ کرنے والے اکثر غیرملکی سربراہان اور اہم وفود سے نہیں کرائی جاتی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جون 2024 میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے بھارت آنے والے 37 غیر ملکی سربراہان مملکت یا حکومت میں سے صرف 4 سے ان کی ملاقات کرائی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت غیر ملکی مہمانوں کو حزب اختلاف کے لیڈر سے ملنے سے روکتی ہے جو بھارتی پارلیمینٹ کی ایک پرانی جمہوری روایت کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اسے مودی حکومت کی غیر یقینی اور عدم تحفظ کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اٹل بہاری واجپائی اور ڈاکٹر من موہن سنگھ کے ادوار میں بھی یہ روایت رہی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے سربراہان مملکت اپوزیشن لیڈر سے ملتے تھے۔