• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ 93فی صد کام مکمل؛ روڈ ورک / فنشنگ کا کام جاری

اسلام آباد (رانا غلام قادر) شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا 93فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل، انڈر پاس کا اسٹرکچرل ورک مکمل کر لیا گیا، روڈ ورک اور فنشنگ کا کام تیزی جاری ہے۔ یہ بات چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے کے دورہ موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔چیئرمین سی ڈی اےو چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نےکہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی بلکہ ایندھن اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔ انھوں نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔محمد علی رندھاوا کو متعلقہ افسران نے منصوبے پر اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کے ساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے، منصوبے کو خوبصورت بنانے کے لئے اسکے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی تیزی کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو نہ صرف قبل از وقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے بلکہ ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا، شاہین چوک انڈر پاس منصوبے سے ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلباء اور روزمرہ کے مسافروں کو سگنل فری اور آرام دہ سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی جدت و ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اسلام آباد سے مزید