• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبیا کے سفیر سے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی ملاقات، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے) پاکستان میں لیبیا کے سفیر معمر عبدالمطلب سے اسلامی تعاون تنظیم کے سائنسی و تکنیکی ادارے کامسٹیک کے کوآرڈینٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں شخصیا ت نے سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ ،لیبیا اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن و مبصر ممالک کے درمیان سائنسی اشتراک کو مضبوط بنانے کے طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا اور کامسٹیک لیبیا پروگرام کے آغاز پر اتفاق کیا ، جس کا مقصد تحقیق، جدت اور استعداد سازی کو فروغ دینا ہے، پروگرام کے تحت طرابلس کی جامعہ میں مصنوعی ذہانت پر تحقیق و ترقی کا مرکز قائم کیا جائے گا، جہاں صحت، ماحولیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں جدید تحقیق اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ کامسٹیک ہر سال پچاس طبی کارکنان، جن میں نرسیں، لیبارٹری کے عملے کی تربیت شامل ہے، کی معاونت کرے گا۔ خوراک کے تحفظ اور زراعت کے شعبے میں محققین کی تربیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مبنی پروگرام شروع کیے جائیں گے، جن میں جغرافیائی نقشہ سازی، جدید زرعی نظم و نسق اور باہم مربوط آلات شامل ہوں گے، تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور لیبیا کے غذائی تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے استعداد سازی اور تربیتی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے، جن میں آفات سے بچاؤ، صحت کی ہنگامی صورتحال اور موسمیاتی خطرات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ لیبیا کی جامعات کے وائس چانسلرز اور صدور کے لیے تعلیمی فورم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ جامعات کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے، ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے کامسٹیک کے علاقائی رابطہ دفتر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جسے لیبیائی حکومت کی حمایت حاصل ہو گی۔
اسلام آباد سے مزید