اسلام آباد( فاروق اقدس )بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے، پولیس کی جوابی فائرنگ میں چھ دہشت گرد مارے گئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ائی ایس پی ار کے مطابق 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ اپریشن کیا، ائی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پانچ بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔