کراچی (ٹی وی رپورٹ ) ماہرین معیشت اکبر زیدی، عمار حبیب خان اور ولید سہگل نے کہا ہے کہ ریفارمز پلان کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے، پی آئی اے چھوٹی سی چیز ہے اس سے معیشت کے حالات بہتر نہیں ہوجائیں گے، ہم ریفارم پروگرام شروع کرتے ہیں پھر پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ سوال اٹھ رہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی طرف بڑھے گا یا نہیں حکومت پر مسلسل تنقید ہو رہی تھی کہ ریفارمز نہیں کر رہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا ورک پلیس ہراسمنٹ سے متعلق اہم فیصلہ سامنا آیا ہے جس میں عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ ورک پلیس کی تعریف صرف دفتر تک محدود نہیں ہے بلکہ دفتری امور سے متعلق کسی بھی جگہ کو اس میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ماہر معیشت اکبر زیدی نے کہا کہ جو میں نے کالم لکھا اس میں اعداد وشمار محدود دیئے جاسکتے تھے کیوں کہ اخبار میں جگہ کا مسئلہ رہتا ہے بہرحال پچھلے بیس تیس سال سے مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پچھلے تین سال میں ہماری شرح نمو ایک اعشاریہ سات فیصد ہوئی ہے اور آبادی دگنی بڑھ رہی ہے۔