کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت پوری اپوزیشن سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کے شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار نہیں ہے شرائط میں نئے انتخابات اور نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی شامل ہے ساتھ ہی حکومت کو عمران خان کے خاندان اور سیاسی لوگوں کو عمران خان تک رسائی دینا ہوگی ۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں گفتگو کر رہے تھے پروگرام میں جیونیوز کے نمائندے مرتضی علی شاہ نے بھی لندن سے برطانیہ میں ہونے والے واقعہ پر گفتگو کی اور کہا کہ فیلڈ مارشل کے خلاف کار بم کی دھمکی دی ہے اور یہ قانون کی خلاف ورزی ہے اس کو بہت سنجیدہ لیا جارہا ہے ۔۔ پروگرام کے آغازمیں میزبان شہزاد اقبال نے اپنےتجزیئے میںکہا اپوزیشن کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی گیند حکومت کے کورٹ میں ہے اور اگر حکومت سنجیدہ ہے تو مذاکرات کی کمیٹیاں تشکیل دے جب کہ تحریک انصاف ایک دفعہ پھر مفاہمت اور مزاحمت کے مخمصے میں گھیری ہوئی نظر آرہی ہے۔ پی ٹی آئی نے برطانیہ میں احتجاج کیا جس کے بعد حکومت پاکستان کا برطانوی حکومت کو خط منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز زیر گردش ہیں جن میں آرمی چیف کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔