• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاؤٹس شاہین کل فضائیہ کے شاہین بن کر دشمن پر ٹوٹ پڑیں گے، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ قومیں عمارتوں سے نہیں بلکہ کردار سے بنتی ہیں ‘ نوجوان خودکوجدید دور اورمصنوعی ذہانت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے‘اسکاؤٹس کے شاہین بچے کل پاک فضائیہ کے شاہین بن کر دشمن پر ٹوٹ پڑیں گے‘جس طرح پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مئی میں بھارت کو دھول چٹائی اور اسے دنیا کے سامنے رسوا کیا جس کا ثبوت آج دنیا کے اخبارات اور میگزین پاکستان کی عسکری طاقت کے بارے میں قصیدے لکھ رہے ہیں ‘یہ وہی میڈیا ہے جو کل تک بھارت کے گن گایا کرتا تھا لیکن آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت علمی کے باعث پاکستان کے گیت گارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صدسالہ تقریبات کے موقع پر منعقدہ سندھ اسکاؤٹس جمبوری کی تقسیم تقریب اعزازت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکاؤٹس کے بہتر مستقبل کیلئے پروگرامز بنانے چاہیں جو اسکاؤٹس فوج میں جاناچاہتے ہوں یا جو سول سروسز میں آناچاہتے ہوں تاکہ ان کیلئے آسانیاں پیدا ہوسکیں ‘جس ادارے میں خدمت کا جذبہ ہوتا ہے وہ ادارے ہمیشہ قائم رہتے ہیں۔ میں سندھ اسکاؤٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کا ادارہ سندھ بوائے اسکاؤٹس 100سال مکمل کرنے جارہا ہے ، اسکاؤٹ تحریک تنظیم نہیں بلکہ یہ ایک درس گاہ ہے جہاں کرداری سازی کی جاتی ہے اور حب الوطنی کا درس دیا جاتا ہے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کا کہنا تھا کہ اس جمبوری میں سندھ کے 27ڈسٹرکٹ کے 1000سے زائد اسکاؤٹ شریک ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ سندھ میں اسکاؤٹ تحریک دن بدن فروغ پارہی ہے ، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کررہی ہے جس کی زندہ مثال ترکیہ کے ادارے ٹیکا کی جانب سے ریسکیو کی تربیت فراہم کرنا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  اسکاؤٹس ہمیشہ قدرتی آفات، قومی ایمرجنسیوں اور سماجی خدمت کے ہر میدان میں صفِ اول میں نظر آتے ہیں۔آج ہم جن اسکاؤٹس اور قائدین کو اعزازات سے نواز رہے ہیں، وہ اس بات کی علامت ہیں کہ محنت، نظم و ضبط اور خلوص کا صلہ ضرور ملتا ہے۔ یہ اعزازات صرف تمغے نہیں بلکہ ذمہ داری کا احساس بھی ہیں کہ آپ آئندہ بھی قوم اور معاشرے کے لئے مثال بنیں۔ صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 1926ء میں سوبھراج چیتومل نے صوبائی ہیڈ کوارٹرز بنا کر اسکاؤٹس کے حوالے کیا تھا جو آج تک اسکاؤٹ ہیڈکوارٹرز کے طورپر کام کررہا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر دور میں گورنر و چیف اسکاؤٹ کی ہمیں سرپرستی حاصل رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ کی اسکاؤٹنگ کو پاکستان کی نمبر ون اسکاؤٹنگ سمجھاجاتا ہے ۔ ہمیں سندھ حکومت کی بھی سرپرستی حاصل ہے جس کی بدولت ہمارے تربیتی مراکز میں تعمیر ات مکمل ہوئی ہیں ۔ تقریب میں اسکاؤٹس کی جانب سے ٹیلبوز پیش کئے گئے جس کے دوران گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ کامرا ن خان ٹیسوری اسٹیج سے اتر کر اسکاؤٹس میں گھل مل گئے جبکہ تقریب کے آخر میں انہوں نے جمبوری کے دوران ہونے والے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے اسکاؤٹس میں شیلڈ ز تقسیم کیں دریں اثنا سندھ کے مختلف اضلاع کے اسکاؤٹس سیکریٹریز نے گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ کوتحائف پیش کئے۔
اہم خبریں سے مزید