کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں اعزاز سید، ارشاد بھٹی، سید محمد علی اور فخر درانی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں شہزاد اکبر پر نامعلوم افراد کے تشدد پر ہم مذمت کرتے ہیں۔ ڈیمارش سےپاکستان اور برطانیہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے احتجاجی مراسلہ جاری کیا جبکہ ہمیں قانونی کارروائی کرنی چاہئے تھی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کہ برطانیہ پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام پیدا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے کیا برطانیہ پاکستان کے مطالبے پر کارروائی کرے گا؟ کا جواب دے رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار اعزاز سید نے کہا کہ برطانیہ میں شہزاد اکبر پر نامعلوم افراد نے تشدد کیا ہے میں اس کی مذمت کرتا ہوں جہاں تک پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی بات ہے تو وہ اس وقت اپنے تناؤ بلندی پر ہے اور آج ڈیمارش کے ذریعہ یہ تناؤ ظاہر بھی ہوا ہے اور یہ تناؤ تب سے چلتا آرہا ہے جب سے پی ٹی آئی کی طرف سے برطانیہ میں احتجاج کیا گیا ہے اور اس کے جواب میں پاکستان نے تواتر سے برطانیہ کو خط لکھنے شروع کئے اوراس کے بعد سے کھچاؤ اور تناؤ کی کیفیت ہے۔