کوالالمپور( جنگ نیوز) ملائیشیا کے سابق وزیرِاعظم نجیب رزاق کو 15 سال قید کی سزا،ریاستی فنڈ میں اربوں ڈالر کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے متعدد الزامات میں قصوروارقراردیا گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کوالالمپور کی ایک عدالت نے جمعہ کو ملائیشیا کے سابق وزیرِاعظم نجیب رزاق کو ریاستی فنڈ 1MDB میں اربوں ڈالر کی بدعنوانی سے متعلق مقدمے میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور منی لانڈرنگ کے متعدد الزامات میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے 15 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے چاروں مقدمات میں ہر ایک پر 15 سال اور منی لانڈرنگ کے 21 الزامات میں ہر ایک پر پانچ سال قید سنائی، تاہم تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔ 72 سالہ نجیب اگست 2022 سے ایک سابقہ 1MDB کیس میں سزا کے بعد جیل میں ہیں اور انہوں نے الزامات سے انکار کیا ہے۔