• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عادل فاروق راجہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی

اسلام آباد ( رانا غلام قادر )وفاقی حکومت نے بر طانیہ میں مقیم پاکستانی یو ٹیوبر عادل فاروق راجہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت پابندی لگادی ہے اور ان کا نام فوتھ شیڈول لسٹ میں شامل کردیا ہے۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نےاس ضمن میں با ضابطہ نو ٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔نو ٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس قابل اعتماد وجوہ موجود ہیں جن کے مطابق عادل فاروق راجہ ولد فاروق راجہ ایسی سر گرمیوں میں ملوث ہیں جو پاکستان کی سلامتی ۔یکجہتی اور امن عامہ کیلئے سنگین خطرے کا باعث ہیں۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عادل راجہ تواتر سے آن لائن پلیٹ فارم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔وہ ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کی معاونت سے ریاست مخالف بیانیہ پراپیگنڈہ کو فروغ دے رہے ہیں اور سہولت کاری کر رہے ہیںجو پاکستان کے دفاع اور خود مختاری کیلئے نقصان دہ ہےلھذا انسداد دہشت گردی ایکٹ1997کے تحت وفاقی حکومت یہ ہدایت کرتی ہے کہ عادل فاروق راجہ کو شیڈول فور لسٹ میں شامل کیا جا ئے اوران پر پابندی لگا دی جا ئے۔حکومت نے عادل فاروق راجہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کوعادل فاروق راجہ پرپابندی کی سمری ارسال کی تھی جو کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظور کرلی ہے۔عادل فاروق راجہ پرپابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ1997 کی دفعہ11 ڈبل ای کے تحت عائد کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے عملدرآمد رپورٹ سات دن کے اندر کابینہ ڈویژن کو بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید