کوئٹہ،اسلام آباد( اسٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، پنجگور میں سیکورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ٹھکانے پرٹارگٹڈ آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں دو اہم کمانڈر سمیت چار خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود قبضے میں لے لیا ، مارے جانے والے دہشتگرد پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیرداخلہ محسن نقوی ودیگر کا سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پنجگور کے علاقے تاسپ کے پہاڑوں پر دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت دہشت گردانہ کارروائیاں کر سکتے ہیں جس پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے تاسپ کے پہاڑوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اس دوران وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی تاہم سیکورٹی فورسز نے موثر حکمت عملی کے تحت جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار خوارج دہشت گرد ہلاک ہو گئے، فورسز نے ٹھکانوں کو مسمار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والوں میں دو اہم شدت پسندکمانڈر عبدالمطلب اور کمانڈر سلیم عرف "روکیٹی"بھی شامل ہیں جو پنجگور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے سیکورٹی فورسز کا ٹارگٹڈ آپریشن مزید جاری ہے۔ دوسری جانب صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں خوارج عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کے جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔انہوں نے اپنے اپنے بیان کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف عزم استحکام میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔