• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کرگئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر اور سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ہفتے کو انتقال کر گئیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر سلطان مسجد ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائے گی، ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2جنوری 2006ء کو بینک دولت پاکستان کی 14ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا، وہ اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں، انہیں بینکاری کا قومی اور بین الاقوامی وسیع تجربہ حاصل تھا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے معیشت اور مالیاتی نظم و نسق کے شعبے میں شمشاد اختر کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے شمشاد اختر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی معاشی تاریخ میں ایک باوقار، اصول پسند اور مدبر آواز تھیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مرحومہ ایک اعلیٰ درجے کی ماہرِ معیشت اور شاندار انسان تھیں جنہیں وہ ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتےتھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ شمشاد اختر ملک کی ممتاز ماہر معاشیات اور ایک قابل، دیانت دار شخصیت تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحومہ نے قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دے کر ملک کا نام روشن کیا، ملکی معیشت کی بہتری کےلیے مرحومہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ڈاکٹر شمشاد اختر کی وفات پر گہرے دکھ و لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے معاشی میدان میں پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔
اہم خبریں سے مزید