• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی جانتی ہے 2024 کے الیکشن کو زیر بحث نہیں لایا جاسکتا، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں عمر چیمہ، ارشاد بھٹی، آصف بشیر چوہدری اور فخر درانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جانتی ہے کہ 2024کے الیکشن کو زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔ پی ٹی آئی یہ بھی جانتی ہے کہ 2024کے الیکشن ریورس ہوسکتے ہیں نہ ہی مڈ ٹرم الیکشن ہوسکتے ہیں البتہ اُن کے لئے اس وقت سب سے اہم یہ ہے کہ وہ اپنی سیاست کے لئے جگہ کیسے بنا سکتے ہیں اس سے متعلق عمران خان ایکسٹریم پوزیشن رکھتے ہیں جبکہ باقی لوگوں کا خیال ہے کہ لچک کا مظاہرہ کرنا چاہئے کہیں ایسا نہ ہو کہ 2029 کے الیکشن سے بھی ہاتھ دھونا پڑجائے کچھ لوگ پیچھے کی طرف جبکہ کچھ لوگ آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کہ کیا مذاکرات کی خاطر 2024 کے انتخابات سے دستبردار ہونا پی ٹی آئی کے لئے فائدہ مند ہے؟ کے جواب دے رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جو رہنماؤں کے گھروں کا دورہ کر رہے ہیں کیا ا س سے دوبارہ تحریک انصاف متحرک ہوجائے گی اس سوال کے جواب میں فخر درانی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پنجاب بالخصوص لاہور ایک سیاسی جنگ کا اکھاڑا ہے اور پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ بھی زیادہ فعال نہیں ہے اس لئے سہیل آفریدی کا یہ عمل ورکر اور سپورٹرز کی ڈھارس ضرور باندھائے گا۔ جبکہ اس کا منفی پہلو یہ ہے کہ تصادم کی سیاست میں مزید اضافہ ہوگا۔ لاہور ہائیکورٹ میں غیرت کے نام پر بہن کے قتل کے ملزم کی تفتیش میں کمزوری کی وجہ سے اور قانونی عدم جواز کی بنیاد پر مجرم کی عمر قید ختم کر دی گئی اس سے متعلق عمر چیمہ نے کہا کہ اس پر قانون سازی کی ضرورت ہے اور بحث کی بھی ضرورت ہے۔ اٹلی نے آئندہ تین برس کے لئے پاکستانیوں کو ساڑھے دس ہزار نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کردیا ہے اس پیشرفت سے متعلق آصف بشیر چوہدری نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے لیکن بنیادی چیز یہ ہے کہ لوگ پہلے خود کو امپاور کریںچونکہ وہاں ٹیکنیکل لوگ مانگے گئے ہیں اس لئے ضرورت ہے کہ یوتھ اپنی اسکلز کو بہتر کرے۔
اہم خبریں سے مزید