• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ میں دہشتگروں کیخلاف کارروائی، میجر شہید، 5 خوراج ہلاک

راولپنڈی، پشین (نیوز رپورٹر، صباح نیوز) سیکورٹی فورسز کے باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5بھارتی اسپانسرڈ خوراج ہلاک جبکہ میجر عدیل زمان جام شہادت نوش کر گئے، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، ادھر بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، موٹر سائیکل میں نصب بم کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا، صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن اور کراچی میں دہشت گردی ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین اورآپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر 2025 کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں 5 بھارتی سپانسرڈ خارجی جہنم واصل کر دیئے گئے۔یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان (عمر 36 سال، ساکن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان) بہادری سے لڑتے ہوئے ملک و قوم پر قربان ہو گئے اور جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سپانسرڈ خارجی کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید