کراچی( ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کسی پیشگی شرائط پر مذاکرات نہیں ہوں گے، معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ غیر مشروط مذاکرات نہیں کرینگے،اس بار چاہے مزاحمت ہو یا مفاہمت نتیجہ خیز ہو، ماہر پاک افغان سیکیورٹی امور طاہر خان نے کہا کہ افغان طالبان چاہیں تو بڑی تبدیلیاں آسکتی ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ “ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا جان بوجھ کر کروایا گیا۔ وزیراعلیٰ سہیل افریدی کو دو پولیس موبائل کے علاوہ کوئی سکیورٹی نہیں دی گئی وزیراعلیٰ جہاں جاتے وہاں کرفیو لگ جاتا تھا۔ جن کے نام فہرست میں نہیں تھے ان کو پنجاب اسمبلی کے گیٹ سے اندر نہیں آنے دیتے ۔ جہاں تک پنجاب اسمبلی کی راہدری میں جو ہوا وہاں صحافیوں کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہے انہوں نے جان بوجھ کر نو لوگوں کو اندر جانے دیااور ان کے نام ہمارے پاس موجود ہیں اور ان لوگوں کے پاس ایک جیسے سوالات تھے اور نہیں پتہ وہ سوالات واٹس ایپ کے تھرو انہیں بھیجے گئے یا بریفنگ دی گئی۔