• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادیوں کا موسم، 2025، شوبز کی رنگین دنیا کے اسٹارز کی شادیوں کا سال قرار پایا

کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)شادیوں کا موسم، 2025، شوبز کی رنگین دُنیا کے اسٹارز کی شادیوں سال قرار پایا۔ خُوب صورت اداکارہ کبریٰ خان،گوہر رشید،ماورا حسین،امیر گیلانی، نیلم منیر،احمد علی اکبر،آئمہ بیگ اورربیکا خان کی شادیوں کے چرچے رہے۔ شہرت یافتہ فنکاروں نے اپنی شادیوں کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو دی۔ تفصیلات کے مطابق 2025 کا سورج غروب ہونے میں ایک دن باقی ہے۔2025 دیگر شعبوں کی شخصیات کی طرح فنکاروں کی زندگیوں میں بھی خوشیاں لے کر آیا۔ ایک زمانہ وہ بھی تھا، جب فنکاروں کی شادیوں میں ساتھی فنکار اور صحافی بڑی تعداد میں شریک ہوتے تھے، اب وہ دور نہیں رہا،سوشل میڈیا کے ذریعے تصاویر پوسٹ کر کے شادیوں کی اطلاع دی جاتی ہے۔ رواں برس کئی اسٹارز کو جیون ساتھی ملے اورانہوں نے خوشیوں کے گیت گائے۔ فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے منجھے ہوئے اداکار گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان نے جنوری 2025 میں اپنی شادی کی تصدیق کی اور فروری 2025 میں سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں نکاح کیا۔ ان کی شادی کے بعد قریبی دوستوں کے لیے ایک عشائیہ بھی منعقد کیا گیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس میں دونوں کے درمیان محبت اور کیمسٹری نظر آئی، جو ان کے ڈرامے’’جنت سے آگے‘‘ کے بعد شروع ہوئی تھی۔ دوسری جانب پاکستان شوبز انڈسٹری کے دومعروف نام اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی بھی رواں برس شادی کے بندھن میں بندھے۔ اداکارہ ماورا حسین نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر بھی شیئر کیں، ماورا حسین اور امیر گیلانی کی شادی کی یہ تصاویر لاہور کے شاہی قلعے میں لی گئی تھیں۔ تصاویر کے کیپشن میں ماورا نے لکھا کہ ’’اور تمام افراتفری کے درمیان میں نے آپ کو پالیا‘‘، ساتھ ہی ماورا نے شادی کی تاریخ لکھتے ہوئے ’’ماورا امیر ہوگئی‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ ماورا نے پاکستانی فلموں سمیت بالی وڈ کی فلم میں بھی کام کیا ہے۔ پاکستان شوبزنس کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر کی شادی بھی ملک سے باہر ہوئی، نیلم منیر کے شوہر کا نام محمد راشد ہے، یہ شادی پسند کی تھی۔پاکستان شوبزنس انڈسٹری میں تیزی سے کامیابی حاصل کرنے والے اداکار احمد علی اکبر بھی شادی کے بندھن میں بندھے۔ ڈراما ’’پری زاد‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکاراحمد علی اکبرعالمی ایوارڈ یافتہ اداکار ہیں،جو کافی سنجیدہ اور اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا سے الگ رکھتے ہیں۔2025میں ان کی سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹر اور وکیل ماہم بتول سے شادی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
اہم خبریں سے مزید