اسلام آباد( تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر) چئیرمین ایف بی آرراشد محمود لنگڑیال نے تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہےکہ تاجروں کو ہراساں کسی صورت نہیں کیا جائے گا،تاجروں کو بلیک میل کرنے والے ایف بی آر اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،رشوت ،کرپشن کی شکایات پر ایف بی آر کے ذمہ دار اہلکاروں کو فارغ کیا جائے گاجو دکاندار پوائنٹ آف سیل کے متحمل نہیں ہو سکتے ان کے کاروبار پر پی او ایس نہیں لگایا جائے گا اورتاجر تنظیموں کی مشاورت اور اعتماد سے آگے بڑھیں گے ، چیئرمین ایف بی آر نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کےصدر کاشف چوہدری کی قیادت میں تاجرو ں نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی ، چیئرمین ایف بی آرنے ریجنل دفاتر کی سطح پر تاجر تنظیموں سے فوری میٹنگ کے زریعے رابطوں کو بہتر بنانے اور نچلی سطح پر درپیش مسائل کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی، کاشف چوہدری نے چیئرمین ایف بی آر کو تاجروں کو درپیش مسائل ، ایف بی آر کے حکام کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کیے جانے پر آگاہ کیا اور مسائل اور ان کے حل کیلئے اقدامات پر مبنی تحریری مراسلہ پیش کیا۔