افغانستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور برفباری کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔
افغان حکام کے مطابق حالیہ بارشیں طویل خشک سالی کے بعد ہوئیں تاہم سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
افغانستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان محمد یوسف حماد کے مطابق سیلاب سے انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، مویشی ہلاک ہوئے اور تقریباً 1800 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔
دہائیوں کی جنگ، کمزور انفرا اسٹرکچر، جنگلات کی کٹائی اور مٹی کے مکانات سیلاب کے نقصانات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان 2026ء میں بھی انسانی بحران میں مبتلا ممالک کی فہرست میں شامل رہے گا۔