کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان و امیر ضلع نصیر آباد بشیر احمد ماندائی نے کہا ہے کہ نصیر آباد میں بدامنی کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ، مختلف علاقوں میں چوری ، لوٹ مار اور موٹر سائیکلیں چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہونے سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ علاقے میں زرعی شعبہ بھی شدید متاثر ہے ربیع کی فصل کے لیے پانی کی عدم دستیابی کے باعث فصلیں تباہ ہونے سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے ان مسائل کے حل اور امن کی بحالی کے مطالبے کے تحت جماعت اسلامی حق دو نصیرآباد مہم چلارہی ہے نصیر آباد لاوارث نہیں حکمرانوں کو ہمارے مسائل حل کرنا ہوں گے ہم علاقے کے مسائل کو اجاگر اور ان کے حل کیلئے احتجاج کو وسعت دیں گے اور جمہوری مزاحمت کریں گے انہوں نے نصیر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی کےعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعت اسلامی کی حق دو نصیرآباد مہم میں بھرپور شرکت کریں۔