کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام کے لیے نئے سال کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نیا سال بلوچستان میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا سال خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، صدر مملکت آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور انداز میں کوشاں ہے ۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے بلوچستان میں ترقی ، امن و امان اور گڈ گورننس کے لیے نئے عزم کے ساتھ کام شروع کیا ہے ، صوبے میں صحت ، تعلیم ، روزگار ، انفراسٹرکچر اور امن و امان کے شعبوں میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی ترجمان رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کے اس مشن کو پوری دیانتداری کے ساتھ جاری رکھے گی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نیا سال پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے لیے امن ، استحکام اور خوشحالی کا پیغام لائے ۔