اسلام آباد (عاصم جاوید) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 9 مئی کو ریاستی اداروں کیخلاف ڈیجیٹل دہشت گردی پر درج مقدمات میں عادل فاروق راجہ، سید حیدر مہدی، وجاہت سعید، صابر شاکر، معید پیرزادہ، شاہین صہبائی اور سید اکبر حسین کو 2، 2 بار عمر قید اور دیگر دفعات میں مجموعی طور پر 35، 35 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے تمام مجرمان کو 20، 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے راجہ نوید حسین کیانی جبکہ ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورایہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں مذکورہ حکم سنا دیا۔ مجرمان کو ملک کیخلاف اکسانے اور مجرمانہ سازش کی دفعات میں الگ الگ عمر قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ تعزیرات پاکستان کی دفعات 121A اور 131 میں 10، 10 سال قید اور دو، دو لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔