اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، ترکیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جو شدید، سخت اور غیر مستحکم موسمی حالات بشمول موسلا دھار بارشوں اور طوفانوں کے باعث مزید سنگین ہو چکی ہے۔وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اس امر کو یقینی بنائے کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی این جی اوز غزہ اور مغربی کنارے میں پائیداراور بلا رکاوٹ انداز میں کام کرسکیں کیونکہ غزہ میں انسانی امدادی ردعمل میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ناکافی انسانی رسائی، جان بچانے والی ضروری اشیاکی شدید قلت اور بنیادی خدمات کی بحالی اور عارضی رہائش کے قیام کیلئے درکار لازمی مواد کی سست رفتار ترسیل کے باعث مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔