اسلام آباد (طاہر خلیل) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی تعیناتی کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی نے عنبرین جان کے نام کی تجویز دے دی ہے۔اجلاس میں 5ناموں پر مشاورت،2 ارکان کی عدم حاضری ، وزیر اعظم منظوری دیں گے، ذرائع کے مطابق چیئرمین پیمرا کے لیے کمیٹی نے عنبرین جان کو متفقہ طور پر نامزد کیا ہے، وہ اس سے قبل سیکریٹری اطلاعات رہی ہیں۔پارلیمانی کمیٹی برائے تعیناتی چیئرمین پیمرا کا اجلاس ہوا، جس میں محمد شہباز بابر، سینیٹر سرمد علی شریک تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی رضا علی گیلانی اور اپوزیشن کےسینیٹر علی ظفر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ذرائع کے مطابق 4 رکنی کمیٹی نے نئے چیئرمین پیمرا کےلیے نام کی منظوری دی، اجلاس میں 5 ناموں پر مشاورت ہوئی، جن میں عنبرین جان، متین حیدر، بریگیڈیئر ریٹائرڈ انوار احمد، ڈاکٹرحامد خان اور سردار عرفان اشرف شامل تھے۔چیئرمین پیمرا کا عہدہ پروفیسر سلیم بیگ کی سبکدوشی سے خالی ہوا تھا ، پارلیمانی کمیٹی وزیر اعظم کو اپنی تجویز بھیجے گی ۔